اخبارسب کے لیے سب کچھ

شہباز شریف کی اہلیہ، بیٹی اور داماد کے وارنٹ گرفتاری

لاہور:  احتساب عدالت نے منی لانڈرنگ کیس میں شہباز شریف کی اہلیہ اور بیٹی کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔

لاہور کی احتساب عدالت میں منی لانڈرنگ ریفرنس کی سماعت ہوئی جس سلسلے میں مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف عدالت میں پیش ہوئے۔ دورانِ سماعت شہبازشریف کے وکیل امجد پرویز نے عدالت کو بتایا کہ حمزہ شہباز کورونا وائرس کا شکار ہوچکے ہیں اس لیے انہیں عدالت میں پیش نہیں کیا گیا۔

شہبازشریف نے وکیل امجد پرویز کے ذریعے عدالت سے استدعا کی کہ اہلخانہ کو ابتدائی مراحل میں طلب نہ کیا جائے اس پر فاضل جج نےکہا کہ قانون کے مطابق شریک ملزمان کو پیش ہونا ہے۔ عدالت نے ریفرنس میں پیش نہ ہونے پر شہبازشریف کی اہلیہ نصرت شہباز اور بیٹی رابعہ عمران کے وارنٹ گرفتاری جاری کردیے۔ احتساب عدالت نے منی لانڈرنگ کیس کی سماعت کے دوران  شہباز شریف کی اہلیہ نصرت شہباز اور بیٹی رابعہ عمران کے قابل ضمانت  جب کہ داماد ہارون یوسف کے ناقابل ضمانت  وارنٹ گرفتاری جاری کیے ہیں ۔ بعد ازاں عدالت نے کیس کی مزید سماعت 29 ستمبر تک ملتوی کردی۔ حمزہ شہباز کو اُن کی بیماری کی وجہ سے آج عدالت میں پیش نہیں کیا گیا۔ عدالت  نے کیس میں سلمان شہباز کے جاری کردہ ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری برقرار رکھنے کا بھی حکم دیا۔

عدالت نے جاری کردہ وارنٹس پردفتر خارجہ کو  عمل درآمد کرانے کے احکامات بھی دے دیے۔ علاوہ ازیں  شہباز خاندان کے خلاف منی لانڈرنگ ریفرنس میں شریک دو ملزمان کو اشتہاری قرار دینے کی کاروائی کا آغاز بھی کر دیا گیا۔

یہ حکومت انتقام ہی لے سکتے ہیں: شہبازشریف

عدالت میں میڈیا نمائندوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے شہبازشریف نے کہا کہ میں ہوش حواس میں پنجاب کی حکومت کرتا رہا ہوں لیکن موجودہ حکومت کو انتقام کے علاوہ کچھ نظر نہیں آتا، یہ صرف دن رات انتقام ہی لے سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حمزہ اس حکومت کے ظلم کا شکار ہوا ہے، اللہ تعالی حمزہ شہباز سمیت کورونا کےتمام مریضوں کوصحت دے۔ شہباز شریف کا کہنا تھا انہوں نے اپنے دور حکومت میں اپنے گھر والوں کا نقصان بھی برداشت کیا ہے، لیکن موجودہ حکومت کو انتقام کے علاوہ کچھ نہیں دکھتا۔

عدالت کے باہر مسلم لیگ ن کے رہنما عطاء تارڑ نے کہا کہ احتساب کے نام پر نیب نیازی گٹھ جوڑ میں ایک دھیلے کی کرپشن ثابت نہیں ہو سکی۔ انہوں نے بتایا کہ  حمزہ شہباز کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا۔ انہیں ہسپتال منتقل کرنے کی درخواست دی جسے چیف سیکرٹری آفس نے وصول کرنے سے انکار کر دیا ۔ شاید حکومت وزیراعظم آفس کے حکم کا انتظار کر رہے ہیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button