اخبارسب کے لیے سب کچھ

سندھ اور خیبر پختونخوا میں شادی ہال بھی کُھل گئے

کراچی / پشاور:  سندھ اور کے پی میں پندرہ ستمبر سے شادی ہال بھی کھولنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے ۔

سندھ میں کورونا پابندیوں میں مزید نرمی کرتے ہوئے ہالز میں شادی بیاہ کی تقاریب پر عائد پابندی ختم کردی گئی۔ 

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی اوسی) فیصلوں کے تحت محکمہ داخلہ سندھ نے نوٹیفکیشن جاری کردیا جس کے مطابق 15ستمبر کے بعد سےشادی ہالز میں تقاریب کا انعقاد ہوسکے گا۔ محکمہ داخلہ سندھ کا کہنا ہے کہ سماجی فاصلوں اور ماسک کےساتھ شادی ہالز میں تقاریب کا انعقاد ہوسکے گا۔ محکمہ داخلہ سندھ نے تجارتی اور کاروباری سرگرمیوں کے لیے اوقات کار بھی جاری کردیے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق تجارتی اور کاروباری سرگرمیاں صبح 6 سے رات 8 بجے تک ہوں گی اور ہفتے کے روز رات 9 بجے تک دکانیں کھلی رکھی جاسکیں گی۔ محکمہ داخلہ کا کہنا ہے کہ میڈیکل سٹورز، اشیائے ضروریہ کی دکانیں اوقات کار کی پابندیوں سے مستثنیٰ ہوں گی اور لاک ڈاؤن پابندیوں میں نرمی کا حکم نامہ 15 اکتوبر تک مؤثر ہوگا۔

خیال رہے کہ کورونا کے باعث سندھ حکومت نے شادی ہالز میں تقریبات کے انعقاد پر پابندی عائد کردی تھی۔  اب سندھ کے ساتھ ساتھ خیبر پختونخوا نے بھی 15 ستمبر سے شادی ہالز کھولنے کا اعلان کردیا ہے۔

دو گھنٹے سے زیادہ شادی ہالز میں کوئی بھی پروگرام نہیں ہوگا، اعلامیہ

خیبر پختونخوا حکومت کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق  شادی ہالز میں سٹاف 50 فیصد کم افراد پر مشتمل ہوگا، شادی ہالز میں سماجی دوری پر مبنی اقدامات کے تحت لوگوں کو بٹھایا جائے گا، شادی ہالز کھولنے سے قبل تمام عملے کے کورونا ٹیسٹ کرائے جائیں۔ اعلامیے کے مطابق  شادی ہالز کے داخلی اور خارجی راستوں پر رش سے گریز کیا جائے ، شادی ہالز انتظامیہ بخار چیک کرنے کیلئے تھرمل گن کا انتظام کرے گی، ہر  تقریب سے قبل شادی ہالز کو سینی ٹائز کیا جائے، 2 گھنٹے سے زیادہ شادی ہالز میں کوئی بھی پروگرام نہیں ہوگا،  شادی ہال میں 2 گھنٹے کے وقفے کے بعد دوسرے پروگرام کی اجازت ہو گی۔

اعلامیے کے مطابق رات 10 بجے کے بعد کسی بھی شادی ہال میں پروگرام کی اجازت نہیں ہو گی،  شادی ہالز کے داخلی دروازوں پر سینیٹائزرز کی دستیابی یقینی بنائی جائے گی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button